Saturday, February 4, 2023
ہومکھیلحارث نے ایسا کیا کہا کہ افتخار کو غصہ آگیا؟

حارث نے ایسا کیا کہا کہ افتخار کو غصہ آگیا؟

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ڈراپ ہونے والے افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی اس وقت سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے کیونکہ گذشتہ روزبنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں دونوں ہی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔

گذشتہ برس تک افتخار احمد اور خوشدل شاہ دونوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر کے مسائل کے حل کے طور پر دیکھا جا رہا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں کو ڈراپ کر دیا گیا اور ان کی جگہ ٹیم میں حارث سہیل اور آغا سلمان کو موقع دیا گیا۔

حالانکہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ان دونوں کرکٹرز کی جانب سے کھیلی گئی اننگز ایک مختلف فارمیٹ میں تھی لیکن اس سال انڈیا میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل پاکستان کو ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو آخری اوورز میں جارحانہ انداز اپنا سکیں اور اس چیز کی کمی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی محسوس ہوئی۔

پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کی مرکزی حیثیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی اگر انٹرنیشنل کرکٹ نہ بھی کھیل رہے ہوں تو ان کے مداح کی نظریں دوسری لیگز میں بھی ان کی کارکردگی پر مرکوز رہتی ہیں۔

بی پی ایل میں افتخار احمد ’بریشال‘ جبکہ خوشدل شاہ ’کومیلا وکٹورینز‘ کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ گذشتہ روز افتخار احمد نے 45 گیندوں پر سنچری سکور کی جس میں نو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ انھیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

افتخار احمد اور بریشال کے کپتان شکیب الحسن کی ناقابلِ تسخیر شراکت 192 رنز کی رہی جو ٹی ٹوئنٹیز میں پانچویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

دوسری جانب خوشدل شاہ نے کومیلا وکٹورینز کے لیے صرف 24 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ انھوں نے اس اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے لگائے۔

افتخار کی اس اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے اس دوران پاکستان فاسٹ بولر حارث رؤف کو ایک ہی اوور میں تین چھکے لگائے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’حارث بھائی آپ نے ایسا کیا کیا کہ افتخار کو غصہ آ گیا۔‘

ان دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے بعد پاکستان میں یہ بحث اس وقت عروج پر ہے کہ رواں سال انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ میں جہاں پچز پاکستان اور بنگلہ دیش جیسی ہوں گی وہاں افتخار اور خوشدل جیسے جارحانہ بلے بازوں کی ضرورت محسوس ہو گی۔

سمیعہ نامی صارف نے لکھا کہ خوشدل شاہ ون ڈے میں فنشر کے رول میں ہماری پہلی چوائس ہونی چاہیے۔

دوسری جانب خوشدل شاہ ورلڈ کپ سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچوں میں تو اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے لیکن گذشتہ برس ون ڈے میچوں میں ان کی کارکردگی اچھی رہی تھی۔

اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں متعدد پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں ہیں جن میں افتخار احمد اور خوشدل شاہ کے علاوہ حارث رؤف، محمد نواز، محمد رضوان، محمد عامر سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

مذید پڑھیں

ایسا ملک جہاں پیاز کی قیمت گوشت سے تین گنا زیادہ ہے

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول ترین